اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید محمد علی حسینی علوی گرگانی نے ایک بیان میں رسول اللہ الاعظم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی توہین پر مبنی عالمی صہیونیت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانان عالم سے اس شیطانی فعل پر رد عمل ظاہر کرنے کی اپیل کی ہے۔ آیت اللہ العظمی سید محمد علی حسینی علوی گرگانی کے بیان کا متن:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قال الله تعالی: قُلْ يَا أَهلَ الْكِتَابِ هلْ تَنقِمُونَ مِنَّا إِلاَّ أَنْ آمَنَّا بِاللّه وَمَا أُنزِلَ إِلَيْنَا وَمَا أُنزِلَ مِن قَبْلُ وَأَنَّ أَكْثَرَكُمْ فَاسِقُونَ (سورہ مائدہ آیت 58)
ترجمہ: کہدیجیے: اے اہل کتاب! آیا تم صرف اس بات پر ہم سے نفرت اور ہماری برائی کرتے ہو کہ ہم اللہ پر اور اس کی کتاب پر ـ جو ہماری طرف نازل ہوئی اور جو پہلے نازل ہوئی ـ ایمان لائے ہیں (یہ کوئی وجہ نفرت نہیں ہے بلکہ) وجہ یہ ہے کہ تم میں سے اکثر لوگ فاسق ہیں۔
حق کے محاذ کے قسم خوردہ دشمن نے ایک بار پھر پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی نسبت اپنے بغض و عداوت کا اظہار کیا اور توہین آمیز فلم بنا کر اپنے اندرونی عناد کو آشکار کردیا۔ یہ عناصر اپنے وہم میں، صلیبی جنگوں کے دور کو زندہ کرنے اور تہذیبوں کے درمیان جنگ کے لئے تیاری کررہے ہیں لیکن وہ اللہ کے شدید عذاب سے غافل ہیں تا ہم بہت جلد اپنے اس عمل کی سزا پائیں گے اور اللہ تعالی کے وعدے کے مطابق ـ جو فرماتا ہے کہ: "يُخْرِبُونَ بُيُوتَهُم بِأَيْدِيهِمْ وَأَيْدِي الْمُؤْمِنِينَ" اپنے گھروں کو خود اپنے ہاتھوں اور مومنوں کے ہاتھوں سے اُجاڑدیتے ہیں۔ (سورہ حشر آیت 2)۔میں اس عظیم اہانت کو ـ جو بعض شیطان صفت ڈائریکٹروں کے توسط سے اور بین الاقوامی صہیونیت کے گرین سگنل سے ـ انجام پائی ہے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور امت اسلامی کو دشمنوں کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی دعوت دیتا ہوں اور شیعیان عالم سے بھی توقع کرتا ہوں کہ حریت پسند اور آگاہ علماء اور ولایت فقیہ کی پیروی کرتے ہوئے صحیح راستے پر گامزن رہیں اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں اور اپنا غم و غصہ صحیح انداز سے دنیا والوں کو دکھا دیں۔ ................./110